
مکہ مکرمہ میں شاہ عبدالعزیز آل سعود عالمی مسابقہ قرآن مجید ۔
قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے جس کو اللہ نے اپنے آخری نبی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا، اور جس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالیٰ نے لے رکھی ہے جیسا کہ اللہ تعالی نےسورة الحجر میں ارشاد فرمایا:{إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ}(ہم نے ہی قرآن مجید کو نازل کیا ہے اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں)۔
چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود قرآن مجید کی حفاظت کی اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو اس کے حفاطت کی ترغیب دی ، اور صحابہ کرام نےاس کی حفاظت میں کسی طرح کی کوئ کمی نہیں رکھی۔ یہی وجہ ہے کہ عہد نبوت سے لیکر آج تک قرآن مجید اسی طرح محفوظ ہے جس طرح نازل ہوا یہ قرآن پاک کا اعجاز ہے، قرآن مجید کی حفاظت کےطریقوں میں سے ایک طریقہ حفظ کا بھی ہے جسے امت مسلمہ نے ہمیشہ اپنایا اور دین کے بہی خواہوں نے قراء وحفاظ کرام کی تکریم بھی کرتے رہے ہیں۔
قارئین کرام! مملکت سعودی عرب اور وہاں کے حکمرانوں نے دین اسلام کی جس طرح نمایاں خدمات انجام دیئے ہیں دور دور تک اس کی مثال نہیں ملتی ہے ، اس میں کوئی شک و شبہہ نہیں کہ قرآن کریم پر توجہ دینے کے جو بھی وسیلے ہو سکتے ہیں تمام کو سعودی عرب بدرجہ اتم اپناتا اور استعمال کرتا ہے ۔ قرآن کریم کی طباعت کے لئے سعودی عرب کے مدینہ منورہ کے اندر ” شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس ” دنیا میں سب سے بڑا طباعتی ادارہ ہے مملکت سعودی عرب نے حفظ قرآن مجید کے لئے حلقات اور مسابقہ قرآن مجید کا بھی اہتمام کیا جس کاآغاز تقریبا 1397ھ میں باضابطہ طورپر ہوا اور وہ سلسلہ تا ہنوز جاری ہے سابقہ روایات کے مطابق حالیہ دنوں میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ کی قیادت وسرپرستی اور وزارت برائے اسلامی امور کے وزیر ڈاکٹر عبدالطیف آل الشیخ حفظہ اللہ کی نگرانی میں روئے زمین کے افضل ترین جگہ مکہ مکرمہ اورخانہ کعبہ کے سائے میں شاہ عبدالعزیز آل سعود رحمہ اللہ بین الاقوامی مسابقہ قرآن مجید 25/اگست سے بڑے ہی شان وشوکت وتزک واحتشام سے رواں دواں ہے جس میں 117/ملکوں سے 166حفاظ کرام تشریف فرما ہیں جسکو کامیاب بنانے کےلئے پاسبان توحید نے ایک خطیر رقم مختص کی ہے جو کہ قرآن مجید اور حفاظ کرام کے تکریم کی واضح دلیل ہے رب العالمین اس مسابقہ قرآن مجید کو بحسن وخوبی پایۂ تکمیل کو پہنچا ئے آمین
یقینا مملکت توحید اور اس کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز وولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود اور وزارت برائے اسلامی امور کے وزیر ڈاکٹر عبدالطیف آل الشیخ حفظہم اللہ تعالیٰ ورعاھم کایہ کارنامہ لائق تحسین وستائش ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس ملک کے ولاۃ و امراء کو مزید خیر و بھلائی کی توفیق عطا فرمائے اور ان کی خدمات کو شرف قبولیت بخشے،آمین ۔
اس پر مسرت وبیش بہا موقع پر مملکت سعودی عرب اور پاسبان توحید شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیر وزارت برائے اسلامی امور ڈاکٹر عبدالطیف آل الشیخ حفظہم اللہ کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ رب العالمین مملکت سعودی عرب اور اس کے فرمانروا اور معاونین کی حفاظت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا فرمائے آمین یارب العالمین ۔
صلاح الدین لیث محمد المدنی
مرکز الصفا الإسلامى روپندیہی نیپال ۔