
10 اور 11 فروری 2024م کی تاریخ ملک نیپال کےلئے اہم دن رہا جسے تاریخ سنہرے اوراق میں آب زر سے تحریر کیا جائےگا، ملک نیپال میں پہلی مرتبہ آل نیپال مسابقہ حفظ قرآن مجید مملکت سعودی عرب کے سفارتخانہ دارالحکومت کاٹھمانڈو کی جانب سے زیر نگرانی کی مسلم آیوگ کی منعقد ہوا ،الحمدللہ بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوا۔
اس میں شرکت کرنے کےلئے خطہ نیپال کے ہر چہار جانب سے شرکاء مسابقہ اور لوگوں کی دلچسپی دیدنی رہی، کچھ گارجین اپنے بچوں کے اس مسابقہ میں حصہ لینے پر بہت نازاں نظر آئے، بے صبری سے اپنے بچے کی باری کے منتظر دیکھے گئے، عصری اسکولوں ، کالجز میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی شرکت بھی خوش کن رہی، مبارکباد کے مستحق ہیں وہ بچے جو عصری اسکولوں میں زیر تعلیم کرنے کے ساتھ قرآن مجید سے اپنا رشتہ جوڑے ہوئے ہیں، سبھی شرکاء کو اس پروگرام نے نئی امنگ اورحوصلہ دیا ہے، بہت سے گھروں میں قرآن حفظ کے تعلق سے بیداری آئی ہے جو اس پروگرام کا بہت ہی اہم اور مثبت پیغام تھا۔
اس مسابقہ میں ان بچوں نے بھی حصہ لیا جنہوں نے عربی ماحول میں قرآن مجید پڑھنا سیکھا اور اسی انداز میں یاد کیا، ان کے لئے یہ مسابقہ بہار کا جھونکا اور ثرمد کے چھاؤں کی طرح تھا جونہایت حوصلہ افزا رہا، کافی اچھی آواز اور خوش الحانی کی وجہ سے دوسروں سے منفرد رہے.
قرآن مجید وہ کتاب ہے جس کی خدمت پر خرچ کیا گیا کچھ بھی رائگاں نہیں جاتا، کوئی بھی شخص نیک نیتی سے اسے یاد کرتا ہے تو اس کے فیوض وبرکات سے ضرور مستفید ہوتا ہے، گرانقدر انعامات، معاشرے میں احترام، تمام شعبہائے زندگی میں برکت سے مستفیض ہوتا ہے. کامیاب بچے اور بچیوں کے لئے نیک تمنائیں اور خواہشات ہیں. اللہ تعالیٰ ان کو دونوں جہان میں سرخروئی دے.
اس طرح کے مسابقہ کے انعقاد کے بے شمار فوائد ہیں، قرآن یاد کرکے علمی شکل میں، تعلیمی بیداری کی شکل میں، آپسی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی شکل میں، نادار وغریب طبقہ سے احساس محرومی ختم کرنے کی شکل میں وغیرہ وغیرہ بے شمار فائدے ہیں اس لئے یہ جاری رہنا چاہئے اور موقع مناسبت سے اس کا انعقاد ہونا چاہئے.
مملکت سعودی عرب کا یہ طرۂ امتیاز رہاہے بہت سے ملکوں میں سعودی عرب کی طرف سے اس طرح کا مسابقہ ہوتا رہتا ہے جو کہ بے لوث محبت اور عظیم خدمت کی دلیل ہے، تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنی ہدایت کی اس عظیم کتاب کی طرف لوٹیں، اس کی عظمت کو سمجھیں اور اس کو فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش میں ہاتھ بٹائیں.
اللہ تعالیٰ اس ملک کو سدا سلامت رکھے، اس کے حکمرانوں کی ہر پل حفاظت فرمائے، تمام مسلمانوں کے دلوں میں ان کی محبت وعقیدت ڈال دے. آمین