
نام کتاب :کتاب التوحید
مصنف : فضیلۃ الشیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ
صفحات:120
ترجمہ وتلخیص: ابو سعود محمد ہارون محمد یعقوب انصاری
موبائل نمبر : 9818048923
ناشر: مرکز السلام للتوعیۃ الاسلامیۃ ‘مڑلا روپندیہی نیپال
سن طباعت اول:2016
سن طباعت ثانی : 2023
مبصر: ابو عبد البر عبد الحئی المدنی
عقیدہ توحید کی تعلیم وتفہیم کے لیے جہاں نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابہ کرا م نے بے شمار قربانیاں دیں اور تکالیف کو برداشت کیا وہیں علمائے اسلام نےبھی دن رات اپنی تحریروں اور تقریروں میں اس کی اہمیت کو خوب واضح کیا توحید اور رسالت کو قبول کرکے عملی زندگی میں نافذ کرنے کا مقصدِ ہی اخروی کامیابی ہے اور اس کاصرف ایک تقاضا ہے کہ جن وانس اپنے جملہ عقائد و عبادات صرف اور صرف ایک اللہ کے لیے خالص کرلیں ۔ اللہ تعالیٰ نے دنیائے انسانیت کی ہدایت ورہنمائی کے لیے تمام انبیاء ورسل کو اسی لئے مبعوث فرمائے۔ ان سب کی دعوت کا نقطہ آغاز توحید تھا۔ سب نے توحید کی دعوت کو عام کرنے اور شرک وبدعات کی تردید میں پورا پورا حق ادا کیا۔
مجدد دعوت توحید شیخ الاسلام محمد بن عبد الوہاب رحمہ اللہ کی ” کتاب التوحید” توحید کے موضوع پر دنیا کی سب سے منفرد تحقیقی کتاب تمام زندہ زبان میں مقبول عام ہے ہر مدارس کے مراحل ثانویہ میں پڑھائی جاتی ہے۔ مراحل متوسطہ میں بیشتر مدارس وجامعات میں فضیلة الشیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ کی” کتاب التوحيد ” داخل نصاب ہے –
زیر تبصرہ کتاب’’ کتاب التوحید ‘‘ سعودی عرب کے ممتاز عالم دین فضیلۃ الشیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ کی توحید کے موضوع پر تصنیف کردہ کتاب کا ترجمہ ہے۔ اس کتاب میں شیخ موصوف نے توحید اور شرک سے متعلق تمام امور پر مدلل گفتگو کی ہے۔ خاص طور پر ایسے اسباب کا تذکرہ کیا ہے۔جن کے ذریعے سے عقائد میں شرک وبدعات آتا ہے۔ مترجم کتاب کا اسلوب نہایت سادہ اور عام فہم ہے۔ کتاب ہذا کی تصنیف کے سلسلے میں مصنف نے شیخ الاسلام ابن تیمیہ، امام ابن قیم، شیخ الاسلام محمد بن عبد الوہاب رحمہم اللہ کی کتب سے خاص طور پر استفادہ کیا ہے۔ مسائل توحید پر یہ آپ کی بہترین کتابوں میں سے ایک ہے،اور سند وقبولیت کے اعتبار سے اس کا درجہ بہت بلند ہے۔عرصۂ دراز سے دنیائے علم میں اس کی اشاعت جاری ہے اور اب تک کروڑوں بے راہروں کو ہدایت کا راستہ دکھانے اور انہیں کفر وضلالت کے اندھیروں سے نکال کر توحید کی روشنی میں لانے کا فریضہ ادا کر چکی ہے۔اس موضوع پر کسی مختصر و مطول کتاب کی تدوین وتالیف کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ دنیائے اسلام کو اسلام کی اصل تعلیمات سے روشناس کرایا جائے ‘اور غلط عقائد وررسوم ورواج جو قرآن و احادیث اور آثار صحابہ کے بالکل منافی ہیں دلائل وبراہین سے قطعیت کے ساتھ ان کو رد کر دیا جائے۔اور صرف ان واضح احکامات پر ایمان وعمل کی اساس قائم کی جائے جو مسلمانوں کے لئے فلاح و خیر اور نجات اخروی کا باعث ہوں
زیر تبصرہ ’’ کتاب التوحید ‘‘ فضیلۃ الشیخ صالح فوزان الفوزان حفظہ اللہ کاعقیدۂ توحید پر تصنیف شدہ کتاب ہے اردو ترجمہ کی سعادت نوجوان قلم کار مولاناابوسعود محمد ہارون بن محمد یعقوب انصاری فیضی نے نہایت شگفتہ اسلوب میں کیا ہے اور زبان و بیان کی سلاست اور چاشنی کے ساتھ اس کتاب کو سوال وجواب کی شکل میں لکھ کر اتنا آسان بنا دیا ہے کہ اس سے ہر اردوداں چھوٹا بڑا بسہولت استفادہ کرسکتا ہے۔ جس کے لئے وہ یقینا مبارکباد کے مستحق ہیں.
کتاب اگرچہ متوسطہ کے طلبہ و طالبات کے لئے ترتیب دی گئی ہے لیکن اس سے بڑے بھی استفادہ کرسکتے ہیں مجموعی طور پر یہ کتاب وقت کی بہت بڑی ضرورت ہے کتاب کی عمدہ ترتیب و تہذیب مترجم کی محنت و جانفشانی کی گواہی دے رہی ہے۔ مدارس اسلامیہ کے ذمہ داران اس کتاب کو داخل نصاب کریں یا معلمین و معلمات کتاب کے ہر مضمون کی عبارت خوانی کے بعد سوالات وجوابات اسی سے لکھواتے رہیں تو بچوں کو کافی فائدہ ہوگا ۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مولف موصوف اور مترجم کی تمام خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے میزان حسنات میں اضافہ فرمائےاور اسے امت کی ہدایت و راہنمائی کا ذریعہ بنائے آمین ثم آمین
مبصر
ابوعبدالبر عبدالحئ المدنی