
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کی زیر سرپرستی سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوت و ارشاد کی جانب سے اسلامی ممالک کے وزرائے اوقاف و اسلامی امور کی نویں کانفرنس 28 محرم 1446ھ سے ایک صفر مطابق 3 تا 5 اگست 2024ء کے دوران مکہ مکرمہ میں (وسطیت کے اصولوں کو فروغ دینے اور اعتدال کے اقدار کو مستحکم کرنے میں اسلامی امور و اوقاف کی وزارتوں کا کردار) کے عنوان سے منعقد کی جا رہی ہے۔
اس کانفرنس میں 60 سے زائد ملکوں کے وزرائے اوقاف و اسلامی امور، مفتیان کرام، اسلامی تنظیموں اور انجمنوں کے قائدین و عمائدین شرکت کریں گے۔ شرکاء کانفرنس 10 نششتوں میں (وسطیت کے اصولوں کو فروغ دینے اور اعتدال کے اقدار کو مستحکم کرنے میں اسلامی امور و اوقاف کی وزارتوں کا کردار) کے حوالے سے مختلف موضوعات پر اظہار خیال فرمائیں گے۔
اس موقع پر وزیر برائے اسلامی امور و دعوت و ارشاد اور کانفرنس کے ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا شکریہ ادا کیا کہ اس کانفرنس کو ان کی طرف سے خصوصی توجہ اور دلچسپی حاصل ہے تاکہ اس کانفرنس سے مطلوبہ اہداف و مقاصد حاصل کیے جا سکیں
جن سے اسلامی کاز کی خدمت، اعتدال کے اصول و اقدار کی نشر و اشاعت کے حوالے سے عالم اسلام میں اوقاف اور امور اسلامی کی وزارتوں کے درمیان نتیجہ خیز تعاون کو فروغ حاصل ہو سکے۔
عزت مآب وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالی خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کو اسلام اور مسلمانوں کے تئیں عظیم خدمات پیش کرنے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق قائم کرنے کی کوششوں کے لیے انہیں بہترین بدلہ عطا فرمائےاور اس ملک میں امن و امان اور خوشحالی کی نعمت کو ہمیشہ برقرار رکھے اور اس کانفرنس سے وابستہ امیدوں کو بر لائے۔