
مملکت سعودی عرب کا عبد العزیز آل سعود انٹرنیشنل مسابقہ برائے حفظ قرآن مجید ملک و ملت کے تئیں انتہائی نفع بخش اور سود مند ہے۔
——————–
پرویز یعقوب مدنی
خادم جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈانگر نیپال
سعودی عرب کے حکام قیام مملکت سے کتاب وسنت کی تعلیم و ترویج میں رواں دواں ہیں یہ سعودی حکام کا کتاب و سنت سے محبت و عظمت، عقیدت و احترام کی عظیم دلیل ہے۔ سعودی عرب کے باوقار حکمران کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ پوری دنیا کے اندر دین اسلام کی تعلیم عام ہو، شرک و بدعات کی بیخ کنی اور توحید کی نشر واشاعت ہو۔ پوری دنیا کے مسلمانوں کی کسی حد تک غمگساری ہو، یتیموں بےکسوں، بے بسوں، مجبور و مقہور انسانوں کی خدمت ہو، لوگ ایک اللہ کی عبادت کریں، ایک اللہ کے علاوہ کسی غیر سے اپنی ضروریات طلب کرنے سے بچیں۔ اور ہر ایک مسئلے قرآن و سنت کو مشعل راہ سمجھیں۔
یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیا میں قرآن کریم اور احادیث نبویہ کے پیغام کو عام کرنے میں نہ کہ بساط بھر کوشش کی ہے بلکہ اس نیک مقصد کی تکمیل اور اپنی امتیازی شان و شوکت کی بقاء اور مذہب اسلام کی خدمت، قرآن کریم اور اس کے ہمہ گیر اور آفاقی پیغام کی نشر واشاعت کے لئے حکومتی سطح پر جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک شہر میں کنگ فہد کمپلکس نامی ایک عظیم الشان طباعت کا شعبہ قائم کیا ہے، وہاں کے چھپنے والے قرآن کریم سے بلا تفدیق مسالک پوری دنیا کے مسلمان مستفید ہوتے ہیں، اسی طرح ہر سال مملکت سعودی عرب کے حکام انٹر نیشنل پیمانے پر حفظ قرآن مجید کا مسابقہ کا انعقاد کرتے ہیں جس میں بہت سارے اسلامی اور غیر اسلامی ممالک کے طلبہ سعودی حکومت کے شاہی خرچ پر شریک مسابقہ ہوتے ہیں اور گرانقدر انعامات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عمرہ کی سعادت اور مقامات مقدسہ کی زیارت سے شرف یاب ہوتے ہیں۔
البتہ واضح رہے کہ اس طرح کے پروگراموں کی تنظیم و ترتیب کے لئے سعودی عرب کے اندر ایک اہم شعبہ وزارت اسلامی برائے دینی اور دعوتی امور قائم ہے جس کے تمام ممبران انتہائی جاں فشانی کے ساتھ اس طرح کے پروگراموں میں انتھک محنت کرکے پروگرام کو کامیاب بناتے ہیں۔
رواں سال کا یہ عظیم الشان انٹر نیشنل مسابقہ 9 اگست 2024م بروز جمعہ ہی سے شروع ہوچکا ہے جو 23 اگست تک جاری رہے گا إن شاء اللہ، جس میں کل 166 خوش نصیب حفاظ کرام 177 ممالک سے حاضر ہو کر قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
اللہ کرے یہ مسابقہ ملک و ملت کے تئیں مفید اور سود مند ثابت ہو اور اس کے اچھے اثرات علماء اور طلبہ پر مرتب ہوں۔ مملکت توحید سعودی عرب کے حکمرانوں کی تمام دینی، دعوتی، تعلیمی، رفاہی، سیاسی، سماجی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے نیز کتاب و سنت پر قائم حکومت کو حاسدین کے شر مامون و محفوظ رکھے۔ آمین