
مدرسہ اسلامیہ بھوارہ ،کسی تعارف کا محتاج نہیں ،ہند و نیپال کے سنگم پر ،پیہم اپنی تعلیمی ،تربیتی ،دینی،دعوتی،جد و جہد کے ساتھ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے وہ تمام تر تعلیمی خصوصیتیں وتدریسی سہولتیں جو کسی ادارے کی بنیادی لوازمات میں ہیں یہاں موجود ہیں مدرسہ اسلامیہ کی اپنی ایک خاص روایت رہی ہے ہر دور میں یہ ادارہ مختلف فنون اور کتابوں کے ماہر اساتذہ سے پر رہا کیا ہے جن کی اپنی تدریسی خصوصیتیں اور لیاقتیں ہیں کبھی مولانا ابوالقاسم سلفی جو سبعہ سیارہ کہے جاتے تھے مسند درس پر فائز رہے تو کبھی شیخ عزیزالرب فیضی حفظہ اللہ نے تدریس کو وہ عروج بخشا جو کسی صاحب نظر سے پوشیدہ نہیں ،گزشتہ چند سالوں سے شیخ حافظ صغیر آحمد مدنی حفظہ اللہ نظامت کی اہم ترین ذمہ داری کے باوجودمسند درس بخاری کو سنبھالے رکھا ،ان کا جو اپنا مخصوص طریقہ تدریس رہا لفظوں میں سمیٹا نہیں جاسکتا ،اور الحمد للہ اب بھی طلبہ ان کے دروس سے فیضیاب ہورہے ہیں’ صحت
متقاضی ہے کہ اب آرام کیا جائے لیکن محبت کا تقاضا ہے کہ کچھ اور وقت مدرسہ کی خدمت کی جائے ،تھوڑا ساخلا محسوس کیا تو بلا تاخیر ماہر حدیث و فقہ وعقیدہ شیخ اشفاق سلفی حفظہ اللہ سے پر کردیا ،مدرسہ میں فی الوقت مختلف فنون اور کتابوں کے پڑھانے والے طاق اور منفرد اساتذہ موجود ہیں ،یہی وجہ ہے کہ ہند و نیپال کا کوئی بھی سرحدی حلقۂ ادارہ کے فیض سے کبھی محروم نہ رہا ،بالخصوص نیپال کی اکثر بستیوں میں اسلامی حضرات ہی مسند تدریس ودعوت پر فائز ہیں ،اکثر وبیشتر علاقائی مستند علماء کی آمد ہواکرتی ہے ،آج 22/8/2024,برز جمعرات آخری گھنٹی چل رہی تھی کہ مصطفی کعبی ازہری جواں سال عالم دین ،مشہور صحافی ،کئی کتابوں کے مصنف اپنے چند احباب کے ساتھ مدرسہ اسلامیہ آ پہنچے ،ابھی جن عظیم علماء کرام سے ہند و نیپال کی بزم سجی ہوئی ہے ان میں ایک مستند نام مصطفی کعبی ازہری کا بھی ہے ،اردو صحافت سے جڑے ہیں ،صحافت در اصل ہم انسانوں کے شعور آزادی اور جہد استقلال کی داستان ہے صحافت کے بارے میں مختلف نظریات ہیں کچھ اسے صرف تجارتی پیشے کی نظر سے دیکھتے ہیں اور کچھ لوگ کسی اعلی مقصد کو نصب العین بناکر صحافت میں قدم رکھتے ہیں مصطفی کعبی ازہری ایک ایسی ہی جواں شخصیت کانام ہے ،ان سے مل کر بڑی خوشی ہوئی ،مدرسہ کے تمام شعبوں سے متعارف کروایا اور زیارت بھی ،پر تکلف ظہرانہ کے بعد ہم سبھی اپنی منزلوں کی طرف چل دئے امید ہے انہوں نے جوکچھ دیکھا سنا اپنے تاثرات کا اظہار ضرور کریں گے ۔
نورالعین انور سلفی استاذ مدرسہ اسلامیہ بھوارہ