مملکت سعودی عرب عالم اسلام کے لئے نعمت خداوندی
(خصائص وامتیازات اور خدمات کی روشنی میں)
صلاح الدین لیث المدنی
سعودی عرب کا 94 واں قومی دن 23 ستمبر اسلامی ورثہ کا ایسا روشن باب ہے جسے امت مسلمہ کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا ‘ اس کی قومی دن کی مناسبت سے چند سطور میں خصائص مملکت کو اجاگر کرنا مناسب معلوم ہوتا ہے۔
❇️سعودی عرب پوری دنیا میں واحد ایسا ملک ہے جس کا دستور قرآن و سنت ہےجس کے حکمرانوں کا مقصد نظام اسلام کا قیام ہے .سعودی عرب کے حکمرانوں کی امت مسلمہ کے لئے خدمات تاریخ کا ایک روشن باب ہے
سعودی عرب کی ترقی وخوشحالی کا راز توحید اور کتاب و سنت کی بالادستی’ خرافات و بدعات اور شرک کا خاتمے میں مضمر ہے نیز شرعی حدود’اسلامی نظام عدل کے نفاذ کی وجہ سے آج تک مملکت توحید امن و سلامتی کا گہوارہ بنا ہوا ہے
مملکت توحید سعودی عرب کے لیے اوّلین باعثِ عزوشرف حرمین شریفین ہیں ، لیکن اس کے علاوہ بہت سی خوبیاں اور عالمی خدمات ہیں جسے دیگر اسلامی ممالک کے مقابلے میں ایک  امتیازی مقام حاصل ہیں۔
عقیدۂ توحید کی نشر واشاعت اور اس پر عمل کرنے کی برکت ہی سے وسیع و عریض سعودی عرب میں کوئی مزار، دربار ، خانقاہ تو کجا پکی قبر تک موجود نہیں جس پر کوئی نذرو نیاز، چڑھاوا یا میلا ٹھیلا لگتا ہو۔
پورے ملک میں عقید توحید کی تنفیذ کے لیے ملک عبدالعزیز اور امام محمد بن عبدالوہاب رحمہما اللہ نے زبردست جدوجہد کی بلکہ آج بھی علمائے کرام دن رات مسلسل کوشش اور محنت کر رہے ہیں ۔
✳️سعودی حکومت نے عوام الناس خصوصاًغیر ملکی حضرات کے عقائد کی اصلاح کے لیے ملک بھرمیں مکاتب جالیات کا جال پھیلادیا ہے جس میں انہیں کی زبان میں مسلمانوں میں تبلیغ اور غیر مسلموں میں دعوت کا کام کیا جاتا ہے۔ اس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ دنیا کے خطے خطے سے یہاں آنے والے لوگوں کو  روزگار کے ساتھ ساتھ دین کی دولت بھی پیش کی جاتی ہے۔ ان مکاتب کی نگرانی حکومت خودکرتی ہے لیکن مالی سر پرستی محسنین اور اہل خیر کرتے ہیں ان مکاتبِ جالیات  کی بہترین تربیت اور عمدہ  کار کردگی سے تمام لوگ بخوبی واقف ہیں۔
✳️سعودی عرب کی سب سے نمایاں اور عظیم الشان خدمات حرمین شریفین کی نگرانی ہے. حرمین شریفین کی زیارت کرنے والے حجاج کرام اور معتمرین کے لئے اعلی سے اعلی انتظامات کرنا ان کے لئے باعث فخر وسعادت ہے.
✳️ تمام مملکت میں ہر شہر کے اوقات کے مطابق اذان ونماز کا ایک ہی وقت مقرر ہوتا ہے نماز کے اوقات میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں کو بند کروانا ۔ اذان سے اقامت تک کے وقت میں امر بالمعروف نہی عن المنکرکے اہلکاروں کا گشت کرنا اور سپیکر پر لوگوں کو نماز کے لیے مسجد میں آنے کی دعوت دینا’حکومت کا ایسا منفردکارنامہ ہے جس کی پور ی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔
✳️تمام سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر میں مساجد کی تعمیر ضروری ہے،نماز کا باقاعدہ اہتمام کرنا دفتر کے ذمہ داران کی قانونی مسؤولیت ہے ۔
✳️زکوٰۃ کے لیے حکومت نے ایسا قانون بنا رکھا ہے کہ کوئی شخص زکوٰۃ ادا کیے بغیر سعودی عر ب میں کاروبار نہیں کر سکتا’علماے کرام اپنے خطبوں میں لوگوں کو اللہ سے ڈرنے،  اپنے مالوں کی زکاۃادا کرنے کی تلقین کرتے رہتے ہیں۔ وزارة الشؤون الإسلامية والدعوۃ والارشاد کی طرف سے مملکت کی تمام مساجد میں کبھی کبھار خاص موضوعات پر خطیبوں کو خطبہ جمعہ کا مکلف کیا جاتا ہے
✳️سعودی حکومت نے 16 محرم 1403ھ بمطابق 2/ نومبر 1982 مدینہ منورہ میں عظیم الشان ‘شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس قائم کیا جس میں قرآنِ مجید کی طباعت ہوتی ہے’شاہ فہد رحمہ اللہ نے قرآن مجید کو گھر گھر پہنچانے اور اس کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے دنیا کی مختلف زندہ زبانوں میں اس کے ترجمے و تفاسیر اور اس کی توضیح اور تقسیم کرکے جو عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے وہ قیامت تک یاد رکھا جائے گا اور ان کے حسانات کے میزان میں بہت بڑا صدقہ جاریہ ہو گا ان شاءاللہ۔ ہر سال حج کے موقع پر اور دیگر ایام میں بھی زائرین کو کروڑوں کی تعداد میں قرآنِ کریم کے نسخے مفت تقسیم کئے جاتے ہیں  ۔
✳️سعودی فرماں رواں ملک سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ نے اپنے ایک حکومتی فرمان کے ذریعے “مجمع خادم الحرمین الشریفین الملک سلمان بن عبدالعزیز آل سعود للحدیث النبوی” قائم کرنے کا حکم جاری کیا ہے جس کی علمی کمیٹی دنیا بھر کے علماءحدیث پر مشتمل ہوگی۔ خدمات حدیث کے لیے شاہ سلمان بن عبدالعزیز حفظہ اللہ کا عالم اسلام میں اشاعت حدیث کا یہ سب سے بڑا منصوبہ، اور اشاعت حدیث کا بہت بڑا ذریعہ ہے جس پر برگ و بار آنے شروع ہو گئے ہیں اور ان شاءاللہ اس کی خدمات بھی اسلامی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھنے والی ہوں گی۔
✳️سعودی عر ب کو اللہ تعالیٰ نے تیل کی دولت کے علاوہ معدنیات کی دولت سے بھی مالا مال کیا ہے جسے حکومت مملکت کے علاوہ پوری دنیا میں صحیح اسلام کی اشاعت اور عقیدہ توحید کی دعوت وتبلیغ کے لیے بے دریغ خرچ کرتی ہے’ سعودی حکومت اور پرائیویٹ اداروں نے پوری دنیا میں بے شمار مساجدو مدارس تعمیر کئے ہیں جس میں مسلمان طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں لوگوں کے عقائد و اعمال درست ہوتے ہیں۔ مساجد ہی اسلامی تعلیمات کو پھیلانے اور عام کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ صحیح اسلامی عقیدہ کی اشاعت اسلامی تعیمات کو عام کرنے کے لئے دعاۃ کو مبعوث کیاجن کی سرپرستی سعودی سفارت خانے کرتے ہیں .
✳️دنیا کا شاید ہی کوئی ملک ایسا ہو جہاں سعود حکومت یا وہاں کے محسنین اور اہل خیر کے مالی تعاون سے مساجد، مدارس ، اسلامی مراکز اور دیگر عوامی بہبوداور فلاح کے کاموں پر خرچ نہ کیا جاتا ہو۔
✳️ “مركز الملك سلمان للإغاثة والأعمال الإنسانية” کے واسطے سے   باہمی ہمدردی، شفقت و محبت اور دوستی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عالم اسلام پر جب بھی کوئی آسمانی اور ناگہانی آفت آتی ہے تو مملکت کےمخلص حکمران اور عوام زیادہ بڑھ چڑھ کر مالی معاونت کرتے ہیں
✳️خدمت خلق کے لئے مملکت توحید نے نیم سرکاری وغیر سرکاری تنظیم قائم کی جن میں رابطہ عالم اسلامی مسلمانوں کی بین الاقوامی تنظیم کا درجہ رکھتی ہے جس کا مقصد مسلمانوں میں یکجہتی پیدا کرنا، اسلام کی دعوت و تبلیغ اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دینا اور اسلام کے بارے میں شکوک و شبہات کو دور کرنا اور گمراہ کن عقائد و نظریات کی نفی کرنا ہے۔آل سعود نے ہمیشہ اپنی و جاہت علم و اسلام دوستی اسلامی تعلیمات پر پوری طرح عمل درآمد، ملک میں نفاذ قرآن و سنت اور ایک مستحکم اسلامی معاشرہ کے قیام کے لئے تاریخی خدمات انجام دی ہیں۔
✳️ سعودی جامعات میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو ہر ماہ 850  ریال وظیفہ ملتا ہے’گریجویشن الاؤنس’اور بدل کتب نیز سالانہ آمدورفت کاٹکٹ ‘ طلبۂ مرحلۂ ماجسٹر اور دکتوراہ کو فیملی کی رہائش کے ساتھ ہی بحوث لکھنے کے لئے 3000/4000ریال دیئے جاتے ہیں اس کے علاوہ نجی ادارے محسنین دیگر سہولیات فراہم کرتے رہتے ہیں۔ 
✳️ سعودی جامعات ومدارس کے تعلیمی نظام میں دین کی تعلیم کو اساسی حیثیت حاصل ہے۔ نصاب تعلیم ایسا بنایا گیا ہے کہ آپ چاہے جس موضوع کی تعلیم حاصل کریں ، آپ کو دینیات پڑھنی ہی ہوگی اور یوں جو دینی تربیت ہونی چاہیے وہ مضبوط بنیادوں پر ہوتی ہے ۔
بیرون ممالک کے طلبہ فراغت کے بعد دعوت الی اللہ کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ ان میں سے کچھ کو حکومت اپنے خرچ پر دعوت کے کام پر لگاتی ہے’اثرات کے اعتبار سے یہ بہت بڑا میدان ہے۔
✳️یہ ایک کھلی حقیقت ہے کہ دینی اور دنیاوی طور پر سعودی عرب دیگر تمام اسلامی ممالک کے مقابلہ میں بہترین ملک ہے ۔ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا ادارہ اپنی ذمہ داریاں بھر پور طریقے سے ادا کر رہا ہے ۔ دارالافتا قدیم اور جدید مسائل میں عوام کی رہنمائی کر رہا ہے-مجموعی طور پر پورے معاشرے میں خیرو بھلائی غالب ہے۔
✳️ سعودی عرب اسلام کا کام کرنے والوں اور دین مبین کی خدمت انجام دینے والوں کی ہمت افزائی کے لیے کئی طرح کے انعامات سے نوازتا ہے ، مختلف مواقع سے مسابقہ کرواتا ہے اور اسلام کی خدمت کے جذبے کو مستحکم کرنے کا کام کرتا ہے۔ اسی جذبہ کے پیش نظر گزشتہ سال 10-11 فروری 2024ء مسلم آیوگ نیپال اور سعودی سفارت خانہ کاٹھمنڈو کی زیر نگرانی آل نیپال حفظ قرآن پاک کا انعامی مقابلہ نیپال کی راجدھانی کاٹھمنڈو میں منقعد ہوا، جس میں وطن عزیز کے طلبہ و طالبات کو گرانقدر مالی انعامات سے نوازا گیا –
انہیں مذکورہ دینی مذہبی اور انسانی خدمات کی وجہ سے اقوام عالم میں اسے عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے.
✳️ شاہ عبدالعزیز آل سعود نے تیسری سعودی ریاست کے قیام کا اعلان 21 جمادی الاولی 1351ھ مطابق 23 ستمبر 1932 کو کیا تھا۔ اسی مناسبت سے سعودی قائدین اور عوام 23 ستمبر کو قومی دن مناتے ہیں۔
خادم حرمین شریفین نے امت مسلمہ کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں وہ تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ اسلام اور امت مسلمہ کے لیے سعودی حکومت کی مخلصانہ و ہمدردانہ خدمات کو امت مسلمہ کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔
ایسے موقعے پر ہم سب اہلِ ایمان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ مملکت سعودی عرب کی ناقابل فراموش قربانیوں کو یاد کریں،اور اس کے سلامتی کے لئے دعا بھی کریں ۔
مرکز الصفا الإسلامي روپندیہی لمبنی نیپال کے جملہ اراکین مجلس عاملہ و شوری ‘معلمین و معلمات اور طلبہ و طالبات
شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز حفظھما اللہ و دیگر اعیان مملکت سعودی عربیہ کے94 ویں قومی دن پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور بارگاہ رب العالمین میں دست بدعا ہیں کہ
عقید تو حید کے محافظ سعودی حکومت کی حفاظت فرمائے’ حاسدوں ، شرپسندوں اور دشمنان اسلام کی سازشوں سے محفوظ اور مامون رکھے اور اسے ساری دنیا میں کتاب و سنت کی خدمت اورتوحید کے فروغ کی مزید تو فیق عطا فرمائے۔ آمین !
خادم قوم و ملت
صلاح الدین لیث المدنی
مرکز الصفا الإسلامي نیپال
درج ذیل نمبرات پر رابطہ کریں
+9779806910031
+9779742346517
+9779811511175
safaislamiccentre@gmail.com