


مرکز الصفا الإسلامى کے سالانہ اجلاس کا افتتاحی پروگرام
مرکز الصفا الإسلامى بھنگہیا روپندیہی نیپال کے دونوں تعلیمی ادارے مدرسہ مدینہ الإسلام السلفیہ وکلیہ فاطمہ الزہراء للبنات
میں آج سے پانچ روزہ سالانہ انجمن کا افتتاحی پروگرام مولانا صلاح الدین مدنی کی صدارت میں منعقد ہوا-
آپ نےاپنے صدارتی خطاب میں طلبہ وطالبات کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:حصول علم کے لیے اپنے آپ کو مکمل طور پر علم ہی کے حوالے کر دو’ طلباء کو اپنی پوری توجہ تعلیم حاصل کرنے میں مرکوز کرنا چاہیے زمانہ طالب علمی میں غیرضروری ملاقاتیں دوستی مجلس آرائیاں اور موبائل جیسی وباکا استعمال طالب علم کے لیے زہر ہیں، آج کے پرفتن ماحول میں سرپرستوں پر لازم ہے کہ دینی تعلیمات کے حصول کو نئی نسلوں کے لیے لازم بنا لیں تاکہ نت نئے رونما ہونے والے فتنوں سے محفوظ رہ سکیں.
آپ نے مزید کہا:مدارس اسلام کے مضبوط قلعے اور دینی تعلیم و تربیت کے اہم مراکز ہیں،اخلاق و ایمان اور اسلامی تہذیب و تمدن کے سر چشمے ہیں،مدارس و مکاتب کا اصل مقصد علماء ودعاة کی ٹیم تیار کرنا جو علوم نبویہ سے مزین ہو کر باطل افکار و نظریات کی تردید کر سکیں، اور معرکہ حق و باطل میں جانباز بن کر ملحدانہ تحریکوں کا قلع قمع کر سکیں، اور عصر حاضر کے فتنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں-
مربیان انجمن مولانا عبدالعلی عالیاوی اور زبیر احمد سراجی نے کہا :کہ اساتذہ کا احترام طلبہ پر لازم ہے،احترام کا مطلب یہ نہیں کہ استاد کے سامنے سر جھکا کر ان کے ہر حکم پر لبیک کہا جائے اور استاد کے نظر سے اوجھل ہوتے ہی حکم کی خلاف ورزی شروع کر دی جائےبلکہ فرمانبرداری کے ساتھ ساتھ ہمہ وقت اپنے اصل مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے اس کے حصول میں دل و جان سے لگے رہنا چاہیے-
انجمن اصلاح اللسان سالانہ تعلیمی مظاہرہ میں طلبہ و طالبات مختلف زبانوں میں اپنی باتیں پیش کریں گے، نیز ممتاز طلبہ وطالبات کو گراں قدر انعامات سے نوازا جائےگا۔
مدرسہ مدینہ الإسلام السلفیہ وکلیۃ فاطمۃ الزہراء للبنات کے طلبہ وطالبات کو درج ذیل شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔شعبہ سفلی اردو۔شعبہ وسطی اردو۔شعبہ علیا اردو۔شعبہ عربی۔شعبہ انگلش۔شعبہ قراءت۔شعبہ نیپالی۔ شعبہ بزم ادب-
مربیان انجمن:مولانا عبد العلی عالی’مولانا زبیر احمد سراجی
اور کلیہ کی مربیات انجمن: معلمہ خالدہ مرکزی’معلمہ شاہین طیباتی-
اس افتتاحی پروگرام میں اساتذہ و ذمہ داران مرکز بھی شریک تھے، پروگرام کے ہر شعبے کی نظامت جماعت ثانیہ کے طلبہ فرمائیں گے۔آج کی اس بزم سعید کی ابتداء تلاوت قرآن کریم ہوئی ہے۔واضح رہے کہ اس سالانہ انجمن کی آخری تقریب بروز جمعرات منعقد ہوگا۔