حافظ انظار الاسلام مدنی
نائب ناظم مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال

مورخہ 9/فروری 2025 بروز اتوار مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال کے زیر اشراف ایک شاندار آن لائن علمی محاضرہ بعنوان “دینی و عصری تعلیم، چیلنجز اور امکانات” کے موضوع پر منعقد ہوا، اس آن لائن محاضرہ کے محاضر تھے ڈاکٹر محمد اورنگزیب تیمی، ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال، جبکہ اس اہم پروگرام کی صدارت فضیلت الشیخ مولانا محمد نسیم محمد یونس مدنی نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال فرما رہے تھے، اور نظامت کا فریضہ راقم سطور انظار الاسلام  مدنی انجام دے رہے تھے۔
بفضلہ تعالی پروگرام اپنے صحیح وقت کے مطابق 9/بجے شب شروع ہوا اور 11/ بجے ختم ہوا، فضیلتہ الشیخ حافظ شمشیر داؤد تیمی مدنی حفظہ اللہ کی تلاوت قران مجید سے اس علمی پروگرام کا اغاز کیا گیا،  پھر محاضر موصوف نے اپنی گفتگو شروع کیا ، آپ  نے اپنے  اغاز محاضرہ میں سب سے پہلے “سورۃ علق” سے اپنی گفتگو کا اغاز فرمایا, تعلیم کی ہمہ جہت اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے صلب موضوع میں داخل ہوئے،  آپ نے یہودیوں ، نصرانیوں،  مجوسیوں،  یورپ، امریکہ، برطانیہ اور دنیا کے دیگر ترقی پذیر ممالک کی وجہ ترقی کو بیان کرتے ہوئے مسلمانوں کی موجودہ صورتحال اور تعلیم میں ان کی پسماندگی کے زاویے کو خوب تشریح کی۔
بالخصوص آپ نے مسلمانان نیپال کے دینی ،ملی، اور سماجی احوال و کوائف کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت نیپال میں مسلمان یہاں کی نچلی سے نچلی کمیونٹی کے لوگوں سے بھی خستہ اور بدحال ہیں، ان کی تعلیمی شرح صفر کے برابر ہے، دینی اور عصری دونوں سطح پہ تعلیم سے دور ہو رہے ہیں، اور بعض مسلم طلباء کرسچن اور ہندوؤں کی پرائیویٹ تعلیم گاہ میں داخل ہو کر اپنا ایمان ضائع کر رہے ہیں، جو کہ ایک بڑا چیلنجنگ امر ہے۔
اخیر میں محاضر موصوف نے بہت سارے امکانات اور توقعات کی جانب اشارہ کیا، جن میں آپ نے بتایا کہ وقت  آچکا ہے کہ اب نصاب تعلیم میں تبدیلی لائی جائے، عصری تعلیم کے مواقع کھولے جائیں، نجی مدارس کو حکومتی اسکولوں سے معادلہ کرایا جائے اور مساوی  تعلیمی امکانات کو بہتر بنایا جائے وغیرہ وغیرہ۔ پہر جماعت کے بعض اہم علمی شخصیات شیخ نثار احمد مدنی شیخ الجامعہ جامعة التوحيد بھیونڈی ممبئی، شیخ پرویز یعقوب مدنی مایہ ناز استاذ جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈانگر نیپال، شیخ مطیع اللہ مدنی سینئر استاذ جامعہ اسلامیہ سنابل دہلی، حافظ راشد حجازی سعودی عرب نے بالترتیب مذکورہ موضوع کے متعلق اپنے گارنقدر تاثراتی کلمات پیش کیے۔ ناظم پروگرام نے تمام مشارکین کی جناب میں شکر و سپاس پیش کیا۔ پھر صدر مجلس بلبل نیپال شیخ محمد نسیم مدنی حفظہ اللہ نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال کی دعائیہ کلمات سے مجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔