قرآن کریم وہ ربانی صحیفہ ہے جس نے ظلمت میں ڈوبی انسانیت کو روشنی کا راستہ دکھایا اور کائنات کے ہر گوشے میں ہدایت کی مشعل روشن کی۔  یہ اللہ کا وہ کلام ہے جو نہ صرف پڑھے جانے بلکہ سمجھنے، سیکھنے اور زندگی میں نافذ کرنے کے لیے نازل ہوا ہے۔ یہ کتاب وہ آئینہ ہے جس میں ہر انسان اپنی اصل پہچان دیکھ سکتا ہے، وہ معجزہ ہے جس نے زمان و مکان کی قیود کو توڑ کر ہر دل میں اپنا گھر بنایا اور وہ رحمت ہے جو قیامت تک کے لیے ذریعۂ نجات ہے۔ قرآن مجید کی فضیلت کا یہ عالم ہے کہ خود رب کائنات نے فرمایا: لَوْ أَنْزَلْنَا هَذَا الْقُرْآنَ عَلَىٰ جَبَلٍ لَرَأَيْتَهُ خَاشِعًا مُّتَصَدِّعًا مِّنْ خَشْيَةِ اللَّهِ۔
کہ اگر ہم یہ قرآن کسی پہاڑ پر نازل کرتے تو تم دیکھتے کہ وہ اللہ کے خوف سے دب جاتا اور ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتا۔
اور اسی طرح سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: خیرکم من تعلم القرآن و علمه۔
کہ تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔
اسی فضیلت اور افادیت کو عام کرنے، نئی نسلوں کے سینوں کو نور قرآن سے روشن کرنے اور قرآن کے ساتھ عملی رشتہ جوڑنے کے لیے مملکت سعودی عربیہ کی جانب سے ہمیشہ عالم اسلام میں عظیم الشان خدمات انجام دی جاتی رہی ہیں۔ انہی مساعی جمیلہ کے تحت سعودی سفارت خانہ کٹھمنڈو اور مسلم ایوگ نیپال کے باہمی اشتراک سے ملک نیپال میں ایک بار پھر عظیم مسابقۂ قرآن کریم کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔
یعنی تیسرا آل نیپال انعامی مسابقۂ حفظ قرآن کریم۔
یہ مسابقہ ۱۳، ۱۴ اور ۱۵ ستمبر ۲۰۲۵ کو منعقد ہوگا اور اس کی اختتامی و انعامی تقریب ۱۵ ستمبر بروز سوموار کو ہوگی ان شاء اللہ۔ یہ مقابلہ نہ صرف قرآنی طلبہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گا بلکہ نیپال کی اسلامی فضا میں قرآنی خوشبو پھیلانے کا ایک خوبصورت ذریعہ بھی ہوگا۔ البتہ اس میں شرکت کی اہلیت کے لیے کچھ شرائط مقرر کی گئی ہیں:
1- صرف وہی امیدوار شریک ہو سکتے ہیں جو نیپال کے رہائشی ہوں۔
2- ہر امیدوار صرف ایک زمرے میں شرکت کر سکتا ہے۔
3- جو طلبہ گزشتہ سال کسی زمرے میں انعام حاصل کر چکے ہوں وہ دوبارہ اسی زمرے میں شریک نہیں ہو سکتے۔
4- صرف اسلامی مدارس کے طلبہ ہی نہیں بلکہ اسکولوں و کالجوں کے مسلمان طلبہ کو بھی شرکت کی اجازت ہے۔ البتہ اسکول کے طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے اسکول کے پرنسپل سے باضابطہ اجازت نامہ حاصل کریں اور وہ داخلہ فارم کے ساتھ منسلک کریں۔
*  رجسٹریشن آن لائن (Google Form) کے ذریعے ہوگی جس کی آخری تاریخ ۳۱ اگست ۲۰۲۵ ہے۔

یہ مقابلہ درج ذیل آٹھ زمروں پر منعقد ہوگا اور ہر زمرے میں عمر کی ایک مخصوص حد اور انعامات کی تفصیل موجود ہے:
پہلا زمرہ: (بنین وبنات) مکمل قرآن کریم  (مشارک کی عمر 15 سے 25 سال تک) ،
دوسرا زمرہ  : (بنین و بنات ) 15پارہ( مشارک کی عمر 12 سے 18 سال تک ) ،
تیسرا زمرہ  : (بنین و بنات ) 5 پارہ ( مشارک کی عمر 15 سال تک ) ،
چوتھا زمرہ  : ( بنین و بنات ) 2 پارہ  (مشارک کی عمر 14 سال تک )۔
اس کے علاوہ دیگر تفصیل مسلم آیوگ کے ویب سائٹ پر نشر کیے جاتے رہیں گے۔
یہ انعامات وہ نشان عزت ہیں جو دنیا میں بھی سربلندی عطا کرتے ہیں اور آخرت میں بھی شفاعت کا ذریعہ بنتے ہیں۔
ہم دعا کرتے ہیں کہ یہ مسابقہ قرآنی بیداری کی ایک نئی لہر پیدا کرے، ہمارے بچوں کے سینے قرآن کے نور سے منور ہوں اور یہ سرزمین قرآن والوں کی سرزمین بن جائے۔
اللہ تعالیٰ ان مخلص کاوشوں کو شرف قبولیت عطا فرمائے، منتظمین کو جزائے خیر دے اور شرکت کرنے والے ہر بچے کو قرآن کا خادم و حافظ بنا دے۔

صلاح الدین لیث المدنی
مرکز الصفا الاسلامی نیپال