مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال کے زیرِ اہتمام ایک بامقصد آن لائن علمی محاضرہ۔
حافظ انظار الاسلام مدنی
نائب ناظم مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال

جمعرات، 21 اگست 2025ء کو بعد نمازِ عشاء مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال کے زیرِ اہتمام ایک بامقصد آن لائن دینی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع تھا:
“انسدادِ منشیات: سیرتِ صحابہ کے آئینے میں”۔
اس علمی نشست کی صدارت فضیلتہ الشیخ محمد نسیم مدنی حفظہ اللہ (نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال) نے فرمائی۔
جبکہ نظامت کی ذمہ داری راقم الحروف انظارالاسلام مدنی (نائب ناظم مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال) نے نبھائی۔
پروگرام کے محاضرِ خصوصی فضیلتہ الشیخ نثار احمد مدنی (شیخ الجامعہ، جامعہ التوحید، بھیونڈی، ممبئی) تھے۔
انہوں نے اپنے مدلل اور جامع خطاب میں دورِ جاہلیت کے معاشرتی حالات، شراب نوشی کے رواج اور اس کے نقصانات پر روشنی ڈالی۔ پھر عہدِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں انسدادِ منشیات کے عملی اقدامات اور اسلامی معاشرے میں اس کی روک تھام کے پہلو اجاگر کیے۔
مزید برآں، انہوں نے دورِ حاضر میں پھیلنے والی منشیات کی مختلف اقسام اور ان کے مہلک اثرات پر تفصیل سے گفتگو کی اور قرآن و سنت کی روشنی میں ان سے بچنے کے عملی طریقے بھی بیان کیے۔
محاضرِ محترم کا خطاب اپنے دلنشین اسلوب اور مؤثر دلائل کی وجہ سے سامعین پر گہرا اثر چھوڑ گیا۔
پروگرام کے اختتام پر معزز علمائے کرام نے اپنے تاثرات پیش کیے، جن میں شامل تھے:
1-فضیلتہ الشیخ پرویز یعقوب مدنی حفظہ اللہ(استاذ جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر، نیپال)
2-فضیلتہ الشیخ محمد ہارون طیب مدنی(روتہٹ، نیپال)
3-فضیلتہ الشیخ ہاشم بشیر مدنی حفظہ اللہ(استاذ جامعہ امام ابن تیمیہ، چندنبارہ، بہار)
ان علمائے کرام نے محاضرہ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا ایک بڑی دینی و سماجی ذمہ داری ہے۔
پروگرام میں شرکاء کی اچھی تعداد شریک رہی، جنہوں نے محاضرہ سے بھرپور استفادہ کیا۔
آخر میں صدرِ مجلس فضیلتہ الشیخ محمد نسیم مدنی حفظہ اللہ نے رقت آمیز دعا فرمائی اور ملک و ملت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
بعد ازاں راقم الحروف ناظمِ اجلاس انظارالاسلام مدنی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔
یوں یہ علمی  نشست ایک خوشگوار اور اثر انگیز ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچی۔